محبت کرنا انسان کے فطری جذبات میں سے ایک جذبہ ہےـ کب، کیوں اور کیسے کوئی انسان باقی سب انسانوں سے خاص لگنے لگے اِس کا علم نہیں ہوتاـ مگر تب وہ انسان ہی سوچ کا محور بن جاتا ہےـ اِس سوچ کے محور بن جانے پر کوئی اور انسان اتنا خاص نہیں لگتا، چاہے وہ آپ کی "محبت" سے قدرتی طور پر 100 گناہ خوبصورت اور کشش والا ہی کیوں نہ ہوـ
پھر کسی بھی قسم کی کشش کوئی اثر نہیں رکھتی، کیونکہ آپ کے دل و دماغ پر وہ شخص ہی اپنا گھر بنا لیتا ہےـ محبت ہونے سے خود کو روک پانا مشکل ہی نہیں ناممکن ہےـ یہ قدرت کا خاص تحفہ ہے جس کو آپ لینا چاہیں یا نہ لینا چاہیں، آپ تک یہ تحفہ وقتِ مقرر پر پہنچ جانا ہےـ ہر انسان کو زندگی میں محبت لازمی ہوتی ہےـ ہاں مگر عمر کی حد مختلف ہوتی ہےـ
جب کسی سے محبت ہوتی ہے تو انسان خود سے بھی محبت کرنے لگتا ہےـ اپنا خیال رکھنے لگتا ہےـ خود کو خاص سمجھنے لگتا ہےـ اپنی زندگی کے مشکل و مسائل سے لڑنے کو ہمت مل جاتی ہےـ وہ انسان جو بجھا بجھا رہتا تھا وہ ہشاش بشاش رہنے لگتا ہےـ تبھی تو میں نے محبت کو قدرت کا ایک خاص ترین تحفہ قرار دیا ہےـ اس محبت نے تو گویا زندگی ہی سنوار دی، دعا ہے کہ اللہ پاک کسی کی محبت کو جدا نہ کریں اور اُس کی محبت کو جیون ساتھی کے روپ میں دے دیں آمین ثم آمین